اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقات نہ کرانے کے حوالے سے بے جا تنقید کی جا رہی ہے اور الزامات لگائے جا رہے ہیں کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کے کردار کو نہیں نبھا رہا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانا میرا کام نہیں۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے اسپیکر نے مذاکرات میں اپنے کردار پر سوالات اٹھانے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ میرا کام حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کرنا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانا نہ میرا کام نہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ ایسے بیانات دینا کہ اسپیکر آفس سے رابطے پر کوئی مثبت جواب نہیں آیا، افسوسناک ہے، کیونکہ ان کے دروازے ہمیشہ سب کے لیے کھلے ہیں اور انہوں نے کبھی کسی رکن قومی اسمبلی سے ملاقات سے انکار نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں نادرا کے میگا سینٹرز میں پاسپورٹ کے لیے کاؤنٹرز قائم
ان کا کہنا تھا کہ ان کا کردار پارلیمنٹ کی بالا دستی اور جمہوری روایات کی پاسداری کرنا ہے اور وہ سہولت کار کے طور پر اپنا کردار پوری کوشش سے ادا کر رہے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ان کے بیرون ملک ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ میٹنگ کا انتظام نہیں کر سکتے، جب حکومت اور اپوزیشن کہیں گے تو وہ فوراً میٹنگ کا اہتمام کر دیں گے۔