حکومت میں شامل شرپسند عناصر مذاکرات کو سبوتاژ کرنے میں مصروف ہیں،فیصل چوہدری

یہ عناصر ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے حکومت میں شامل کچھ شرپسند عناصر پر مذاکراتی عمل کو سبو تاژ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کی درخواست پر حکام کی طرف سے اب تک کوئی جواب نہیں آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی کمیٹی کے ارکان نے بار بار یقین دہانیاں کرانے کے باوجود پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات نہیں کرائی، جس سے حکومت کے اختیارات کا اندازہ ہوتا ہے اور یہ حکومتی رویہ غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام پائیدار نہیں، مولانا فضل الرحمٰن

فیصل چوہدری نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ حکومت میں شامل بعض شر پسند عناصر مذاکراتی عمل کو ناکام بنانے کی کوششوں میں ہیں تاکہ ملک میں جمہوریت، آئین و قانون کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کا راستہ روکا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

Exit mobile version