پرویز الہٰی پر ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے الزام میں فرد جرم عائد

احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی

لاہور: احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی پر فرد جرم عائد کردی۔

احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران پرویز الہٰی کے وکیل امجد پرویز عدالت میں موجود تھے۔

دوران سماعت، ایڈووکیٹ امجد پرویز نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چودھری پرویز الہٰی احاطہ عدالت میں موجود ہیں، تاہم وہ گاڑی سے باہر نہیں آ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جا کر یہ تصدیق کر سکتا ہے کہ پرویز الہٰی عدالت میں موجود ہیں۔

ایڈووکیٹ امجد پرویز نے عدالت سے درخواست کی کہ چودھری پرویز الہٰی کی حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، اور کیس کو آگے بڑھایا جائے، کیونکہ ان کی طرف سے کیس میں کوئی دشواری نہیں آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا انسانی اسمگلرز کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم

اس کے بعد، عدالتی عملے نے گاڑی میں جا کر پرویز الہٰی کی حاضری مکمل کی اور عدالت نے ان پر فرد جرم عائد کردی۔ پرویز الہٰی نے صحت جرم سے انکار کیا، تاہم انہوں نے فرد جرم کی شیٹ پر دستخط کر دیے۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے گواہان کو طلب کرلیا اور کیس کی مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔

Exit mobile version