ٹیلی گرام کی نئی اپ ڈیٹ، صارفین کیلئے نئی سہولت متعارف کرا دی

نئے میسج سرچ فلٹرز اور تحائف کو این ایف ٹی میں تبدیل کرنے کی سہولت شامل ہے

کیلیفورنیا: معروف میسجنگ پلیٹ فارم ٹیلی گرام نے اپنی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں صارفین کے لیے کئی نئی خصوصیات متعارف کرادی ہیں، جن میں تھرڈ پارٹی سے چلنے والے اکاؤنٹس کی تصدیق کا نیا طریقہ، نئے میسج سرچ فلٹرز اور تحائف کو این ایف ٹی میں تبدیل کرنے کی سہولت شامل ہے۔

ٹیلی گرام کے چیٹ ایپ میں پہلے ہی عوامی شخصیات اور تنظیموں کے لیے تصدیق کا پروگرام موجود تھا، لیکن اب اس نے ایک نیا پروجیکٹ شروع کیا ہے جس کے تحت تیسرے فریق جیسے فوڈ کوالٹی ریگولیٹرز یا تعلیمی گروپ بھی اکاؤنٹس کی تصدیق کر سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق، تیسرے فریق کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے ساتھ ایک نیا لوگو ظاہر ہوگا، جو سابقہ نیلا چیک مارک (بلو چیک مارک) کی جگہ لے لے گا۔

ٹیلی گرام کے ترجمان نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا کہ تصدیق کا یہ نیا طریقہ دھوکہ دہی کو روکنے اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ یہ سوشل پلیٹ فارمز کے لیے ایک جدید اور پیشگی حل کے ساتھ ایک نیا حفاظتی معیار قائم کرتا ہے۔

جو افراد یا تنظیمیں تصدیق کرانا چاہتی ہیں، انہیں سب سے پہلے تصدیق کے عمل سے گزرنا ہوگا اور ویریفائیڈ نشان حاصل کرنے کے لیے درخواست دینی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: برفانی طوفان بلیئر کے باعث معمولات زندگی درہم برہم

اس کے علاوہ، ٹیلی گرام نے گفٹس کو این ایف ٹی میں تبدیل کرنے کا نیا طریقہ بھی متعارف کرایا ہے۔ صارفین ٹیلی گرام سٹارز کے ذریعے گفٹس بھیج سکتے ہیں، جو ایپ یا فریگمنٹ ویب سائٹ سے خریدے جا سکتے ہیں، اور اس کے لیے ٹی او این کرپٹو والٹ کو کنیکٹ کرنا ضروری ہوگا۔

ٹیلی گرام کا کہنا ہے کہ صارفین ان این ایف ٹی کو دوسرے پلیٹ فارمز پر فروخت یا تبادلہ کر سکتے ہیں۔ تاہم، ٹیلی گرام گفٹس کو کلیکٹیبلز میں تبدیل کرنے پر فیس وصول کرے گا تاکہ بلاک چین ٹیکنالوجی کے استعمال کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔

اسی طرح کمپنی نے میسجز کے لیے ایموجی ری ایکشن فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جسے سروس میسجز جیسے گروپ میں شامل ہونے پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پرائیویٹ چیٹس، گروپ چیٹس اور چینلز کے لیے نئے سرچ فلٹرز بھی صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

Exit mobile version