چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے دورہ چین کے دوران چینی شہر گوانگ ژو پہنچ گئیں

گوانگ ژو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات مثالی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے دورہ چین کے دوران چینی شہر گوانگ ژو پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے گوانگ ژو کے وائس گورنر مسٹر زینگ گوزی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ کے اعزاز میں ایک خصوصی اسٹیٹ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ مریم نواز نے شاندار میزبانی پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ استقبال ہمیشہ ان کی یادوں میں رہے گا۔

اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے وفد کے لیے چینی قیادت کی گرمجوشی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اخلاص پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دورہ چین ان کے لیے ایک بصیرت افروز تجربہ رہا اور وہ پرامید ہیں کہ اس دورے کے نتائج پنجاب کے عوام کے لیے خوشگوار ثابت ہوں گے۔

وائس گورنر گوانگ ژو مسٹر زینگ گوزی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی آمد کو وہ اپنی خوش قسمتی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کی عوامی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

Exit mobile version