فاسٹ بولر محمد عامر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ میرے لیے باعث فخر رہا ہے، فاسٹ بولر محمد عامر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر نے ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ اپنے الوداعی پیغام میں محمد عامر نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ میرے لیے باعث فخر رہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ میرے لیے بہت مشکل تھا، لیکن میرا ماننا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اگلی نسل آگے بڑھے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جائے۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ بہت سوچ بچار کے بعد کیا اور تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے پی سی بی، اپنے اہلخانہ اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں ہمیشہ بھرپور سپورٹ فراہم کی۔

دوسری جانب، پاکستان کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔ عماد نے اپنے پیغام میں لکھا، ’’پاکستان کے لیے کھیلنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ پاکستانی ٹیم کے ساتھ گزارا گیا ہر لمحہ یادگار ہے۔ البتہ، میں فرنچائز کرکٹ میں اپنی خدمات جاری رکھوں گا۔‘‘

واضح رہے کہ محمد عامر نے 2020 اور عماد وسیم نے گزشتہ سال نومبر میں بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم دونوں نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے لیے دستیابی ظاہر کی تھی۔ انہیں اسکواڈ میں شامل کیا گیا، لیکن دونوں کھلاڑی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر اور عماد وسیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خدمات کا ادارہ تہہ دل سے شکر گزار ہے اور ان کے مستقبل کے لیے دعا گو ہے۔

یاد رہے کہ 32 سالہ محمد عامر نے 2009 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔ وہ پاکستان کے لیے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل کر مجموعی طور پر 271 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ محمد عامر 2009 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ اور 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ بھی رہے ہیں۔

Exit mobile version