ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ونڈو اور ٹریڈ ونڈو کا آغاز ہوگیا ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفسر (سی ای او) سلمان نصیر نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تجدید کا اعلان 17 دسمبر کو کیا جائے گا اور رواں ماہ کے دوران کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں تنزلی اور برقرار رکھنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
پی ایس ایل کی انتظامیہ کے مطابق پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری 2025 کو ہوگا اور اس کا مقام اور وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سلمان نصیر نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے ٹریڈ ونڈو کھولنے اور رجسٹریشن کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے وہ بہت خوش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 10واں ایڈیشن ایک شاندار موقع ہے اور ہمیں اپنے شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرنی ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل نے اپنے قیام سے لے کر اب تک کرکٹ کے معیار اور مسابقت کو برقرار رکھا ہے۔
سلمان نصیر نے کہا کہ یہ تاریخی سیزن شائقین کے لیے مزید جوش و خروش لائے گا، اور ہم ٹیموں کے لیے بے مثال تجربات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ونڈو کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو کھول دی گئی ہے، کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تجدید کا اعلان 17 دسمبر کو کیا جائے گا جب کہ کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں تنزلی اور برقرار رکھنے کا عمل رواں ماہ کے دوران ہوگا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ 2016 سے تین بار چیمپئن بن چکی ہے، جب کہ لاہور قلندرز نے 2022 اور 2023 میں دو بار ٹائٹل جیتا۔ پشاور زلمی 2017 کے ایڈیشن کی چیمپئن رہی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2019 میں فاتح بنے، جبکہ کراچی کنگز نے 2020 میں پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا، اور 2021 میں ملتان سلطانز فاتح بن کر ابھری۔