بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے لیے پاکستان کے فیوژن ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا میں منعقد ہوں گے، جس کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان چند دنوں میں متوقع ہے۔
بھارتی نیوز ویب سائٹ ‘انڈیا ٹو ڈے نے رپورٹ کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دونوں بورڈز کے درمیان معاہدے کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دی، جس کے میچز پاکستان اور دبئی میں منعقد کیے جائیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں بورڈز کا 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے اتفاق رائے ہو گیا ہے، جس کے تحت پاکستان کے بھارت کے خلاف لیگ مرحلے کے میچز سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔
‘انڈیا ٹو ڈے کے مطابق پی سی بی کو بھارت کے میچوں کی میزبانی کا موقع ضائع کرنے پر کوئی معاوضہ نہیں دیا جائے گا، تاہم اس کے بدلے میں پاکستان کو 2027 کے بعد آئی سی سی وویمن ٹورنامنٹ کی میزبانی ملے گی۔
یاد رہے کہ 11 دسمبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ساتھ میچز پر ہائبرڈ ماڈل کے مؤقف کو برقرار رکھا تھا، دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا، پی سی بی کے اعلیٰ عہدے داران مذاکرات میں شریک رہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ بھارت 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ پر ہائبرڈ ماڈل پر راضی نہیں، بھارت پاکستان کو اپنے ملک میں کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے اس لیے معاہدے پر دستخط کرنے سے کترا رہا تھا، تاہم پاکستان 3 سال تک ہائبرڈ ماڈل برقرار رکھنے کے مطالبے پر قائم رہا تھا۔
دوسری جانب بھارتی نشریاتی ادارے ‘این ڈی ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ چیمپنئز ٹرافی نہ کھیلنے پر پاکستان کو مالی اور قانونی طور پر بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے، جس میں 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ سے سرفہرست 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی، اس کے بعد فائنل ہوگا۔