امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شدید زلزلے کے جھٹکے

زلزلے کی شدت 7 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی،امریکی زلزلہ پیما مرکز

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شدید زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ اس کا مرکز کیلیفورنیا کے جنوب مغرب میں واقع تھا۔ زلزلے کے ساتھ ہی کیلیفورنیا اور جنوبی اوریگون کے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی، جو بعد میں واپس لے لی گئی، تاہم افٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، سونامی کی وارننگ کے باعث بڑی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے لگے، جس سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔

زلزلے کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل ہوگئی، اور 10 ہزار سے زائد افراد بجلی کی بندش سے متاثر ہوئے۔ امریکی پاور آؤٹریج ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق، کیلیفورنیا کے ساحلی علاقوں میں زلزلے کے بعد تقریباً 10 فیصد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

ریاستی سینیٹر مائک مک گوائیر نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر ہمبولڈٹ اور ڈیل نور کاؤنٹی کے متاثرہ علاقوں میں بھیجا گیا ہے، جہاں وہ مقامی اہلکاروں کے ساتھ امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسوم کا کہنا تھا کہ ریاستی ایمرجنسی حکام سے مشاورت جاری ہے، اور ایک آپریشن سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ امدادی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں انجام دیا جا سکے۔

اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم نقصانات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔

Exit mobile version