لاہور: پنجاب میں احتجاجی مظاہروں اور جلاؤ گھیراؤ جیسے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لیے "رائیٹ مینجمنٹ پولیس” کے نام سے ایک خصوصی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ فورس 200 خصوصی طور پر تربیت یافتہ رائیٹ افسروں پر مشتمل ہوگی۔ فورس کو 15 یونٹس میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں موب کنٹرول یونٹ، واٹر کینن یونٹ، ربڑ بلٹ یونٹ، اور اسٹن گن یونٹ شامل ہوں گے۔
رائیٹ مینجمنٹ ٹیم کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا، جن میں سرویلنس ڈرونز، الیکٹرک شاک شیلڈز، اور تربیت یافتہ کتے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، ٹیم کے لیے خصوصی جدید گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔ مجموعی طور پر، 25 اقسام کے آلات فورس کو دستیاب ہوں گے تاکہ وہ مختلف حالات میں مؤثر کارروائی کر سکے۔
رائیٹ مینجمنٹ ٹیم کو ضروری قانونی اختیارات بھی دیے جائیں گے، تاکہ یہ فورس امن و امان قائم رکھنے میں مکمل طور پر خودمختار اور مؤثر ثابت ہو سکے۔