لاہور : پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ذیابیطس کے پیدائشی مریض بچوں کے لیے مفت انسولین کی فراہمی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کا حصہ ہے۔ اس انقلابی اقدام کے تحت، ٹائپ ون ڈایابیٹک بچوں کو انسولین ان کے گھروں تک پہنچائی جائے گی، تاکہ وہ ہسپتالوں کے چکر لگانے کی پریشانی سے بچ سکیں۔
چیف منسٹر مریم نواز پروگرام کے تحت ٹائپ ون ڈایابیٹک بچوں کی رجسٹریشن کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ رجسٹرڈ بچوں کو انسولین گھر پر ہی فراہم کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی ہیلپ لائن 1033 بھی قائم کی گئی ہے، جہاں والدین یا سرپرست رجسٹریشن اور دیگر رہنمائی کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔
مزید سہولت کے لیے، تحصیل اور ضلع سطح پر این سی ڈی کلینکس بھی انسولین فراہمی میں معاونت کریں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ معصوم بچے پھول کی مانند ہیں، اور انہیں مرجھانے سے بچانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اپنی حیثیت بطور ماں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کی بیماریوں اور تکالیف کو گہرائی سے محسوس کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ ٹائپ ون ڈایابیٹک بچوں کو تاحیات انسولین کی ضرورت ہوتی ہے، اور اس منصوبے کا مقصد والدین کا بوجھ کم کرنا اور بچوں کے علاج میں مدد فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب میں بچوں کی صحت اور علاج کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔