نیویارک : معروف امریکی میگزین "بل بورڈ” نے عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے اعزاز میں بنائی گئی ویڈیو میں ایک متنازع کلپ شامل کرنے پر معافی مانگ کر لی۔
میوزک میگزین نے 21ویں صدی کے بہترین پاپ اسٹارز کی فہرست جاری کی ہے، جس میں 34 سالہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کو دوسرے نمبر پر رکھا گیا۔ اس کامیابی کو نمایاں کرنے کے لیے میگزین نے ایک خصوصی ویڈیو تیار کی لیکن ویڈیو میں شامل ایک کلپ کو لے کر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
شدید عوامی ردعمل کے بعد بل بورڈ میگزین نے مذکورہ کلپ ہٹانے کے ساتھ معذرت نامہ جاری کر دیا۔ میگزین نے اپنے بیان میں کہاکہ ہم ٹیلر سوئفٹ اور اپنے قارئین و ناظرین سے تہہ دل سے معافی مانگتے ہیں۔ ویڈیو میں شامل کلپ غلط طور پر گلوکارہ کی عکاسی کرتا تھا، جس کا ہمیں افسوس ہے۔
بیان میں مزید کہا گیاکہ ہم نے فوری طور پر اس کلپ کو ویڈیو سے حذف کر دیا ہے اور اس غلطی کے باعث ہونے والی کسی بھی پریشانی پر معذرت خواہ ہیں۔
گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ان کے مداحوں نے میگزین کے اس اقدام پر شدید تنقید کی تھی۔