پاکستان

پی ٹی آئی قیادت میں اختلافات؟ سلمان اکرم راجا نے استعفیٰ دے دیا

پی ٹی آئی ایک پرامن سیاسی جماعت، اپنے مقاصد کے حصول کے لیے قانونی راستے اپنائیں گے، سلمان اکرم راجا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے حالیہ احتجاجی مظاہروں کے بعد پیدا ہونے والی تنقید کے نتیجے میں سلمان اکرم راجا نے یہ قدم اٹھایا۔ انہیں لاہور سے ایک قافلہ لے کر اسلام آباد جانے کی ذمہ داری دی گئی تھی لیکن راستے بند ہونے کی وجہ سے انہوں نے لاہور ہی میں احتجاج کرنے کا منصوبہ بنایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجا لاہور میں بھی کارکنان کو متحرک کرنے میں ناکام رہے، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ روز اپنے ویڈیو پیغام میں سلمان اکرم راجا نے وضاحت کی کہ ان پر اعتراض کیا گیا کہ وہ احتجاج کے لیے اسلام آباد کیوں نہیں پہنچے۔ انہوں نے کہا، "ہم لاہور میں اکٹھے ہوئے، میں پورے دن لاہور کی سڑکوں پر رہا، لیکن حالات ایسے تھے کہ اگر 10، 20 یا 30 لوگ بھی جمع ہوتے، تو ان پر لاٹھیاں برسائی جاتیں اور گرفتاریاں ہوتیں۔”

انہوں نے کہا کہ تمام راستے بند ہونے کے باعث بڑی تعداد میں لوگ اسلام آباد جانے سے قاصر تھے۔ ان کا کہنا تھا، "میرے لیے یہ ممکن نہیں تھا کہ میں دکھاوا کروں یا اپنی تصویریں کھنچوانے کے لیے ڈی چوک پہنچوں۔ میں نے جو کیا، وہ بیان کر دیا، اور جو نہیں کر سکا، وہ بھی واضح کر دیا۔”

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 24 نومبر کو لاہور سے نکلنا ممکن نہیں تھا اور 25 اور 26 نومبر کو بھی یہی صورتحال رہی۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی آئی ایک پرامن سیاسی جماعت ہے اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے قانونی راستے اپنائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button