شوبز میں حسد اور ہراسانی کا سامنا کیا، میمونہ قدوس کا انکشاف
میمونہ قدوس نے حالیہ دنوں میں نیو ٹی وی کے پروگرام زبردست میں شرکت کی
لاہور: ماڈل و اداکارہ میمونہ قدوس نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں کیریئر کے آغاز پر نہ صرف انہیں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ہراسانی جیسی سنگین صورتحال کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
میمونہ قدوس نے حالیہ دنوں میں نیو ٹی وی کے پروگرام زبردست میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ذاتی اور پیشہ ورانہ سفر کے بارے میں گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 22 یا 23 سال کی عمر میں اپنے آبائی علاقے سے نکل کر دوسرے شہر میں شوبز کیریئر بنانے کی کوشش کی، مگر اس دوران کسی نے ان کی مدد نہ کی۔ ایک ہی ملک اور مذہب کے ہونے کے باوجود انہیں تنہا جدوجہد کرنا پڑی۔
اداکارہ نے اپنی پرورش کرنے والے چچا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بہت قریب تھیں اور ان کا انتقال ان کے لیے ایک گہرا صدمہ تھا، کیونکہ وہ ان کے کامیاب کیریئر کا عروج دیکھنے سے پہلے دنیا سے رخصت ہوگئے۔
میمونہ قدوس نے انکشاف کیا کہ انڈسٹری میں کیریئر کے آغاز پر نہ صرف ہم عمر بلکہ سینیئر اداکارائیں بھی ان سے حسد کرتی تھیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’آنٹیوں‘ کو سمجھنا چاہیے تھا کہ کسی کا نصیب چھینا نہیں جا سکتا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ شوبز کیریئر کے آغاز پر انہیں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، اور جب انہوں نے اس کی شکایت کی تو ان پر مزید دباؤ ڈالا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے معاشرے میں شاید ہی کوئی کام کرنے والی خاتون ہو جسے زندگی میں کبھی نہ کبھی ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑا ہو۔
میمونہ قدوس نے معاشرتی رویوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے اس سماجی ڈھانچے کو بدلنے کی ضرورت ہے، مگر ساتھ ہی انہوں نے ہراساں کرنے والوں کے نام یا واقعات کی تفصیلات شیئر کرنے سے گریز کیا۔