پاک بحریہ کے جہاز ذوالفقار کی بحیرہ عرب میں کورین نیوی کے ساتھ مشق
مشق میں آپریشنل حکمت عملی اور مواصلاتی مشقیں شامل تھیں
کراچی: پاک بحریہ کے جہاز ذوالفقار نے بحیرہ عرب میں کورین نیوی کے جہاز وینگ جیون کے ساتھ مشترکہ مشق کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دونوں جہاز کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت بالترتیب کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 اور 151 کے تحت آپریٹ کر رہے تھے، مشق میں آپریشنل حکمت عملی اور مواصلاتی مشقیں شامل تھیں جن کا مقصد مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بڑھانا اور دونوں بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینا تھا۔
کمبائند ٹاسک فورس 150اور 151غیر قانونی سمندری سرگرمیوں، منشیات کی سمگلنگ اور بحری قزاقی کو روکنے کیلئے میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کرتی ہیں، یہ غیر قانونی سرگرمیاں بین الاقوامی پانیوں میں بحری سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔
پاک بحریہ کے جہاز ذوالفقار اور کورین نیوی کے جہاز وانگ جیون کے درمیان اس مشترکہ مشق کا کامیاب انعقاد بحری افواج کے ساتھ ساتھ ان کی متعلقہ ٹاسک فورسز کے میری ٹائم سیکیورٹی کو برقرار رکھنے اور سمندر میں قانونی سرگرمیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کو واضح کرتا ہے جس سے اس اہم خطے میں استحکام اور تعاون کو فروغ ملے گا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور جمہوریہ کوریا کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے بینر تلے میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے مسلسل جنگی بحری جہازوں اور ہوائی جہازوں کی تعیناتی کے ذریعے اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں، یہ تعاون باہمی افہام و تفہیم اور آپریشنل ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے خاص طور پر قابل قدر ہے۔