شادی کرنے میں جلد بازی نہ کریں، عینی زیدی کا خواتین کو مشورہ
تعلیم مکمل کریں، سمجھداری حاصل کریں، پھر شادی کریں ، سینئر اداکارہ
کراچی : سینئر اداکارہ عینی زیدی نے خواتین کو زندگی کے اہم فیصلے، خصوصاً شادی کے حوالے سے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کرنے میں جلد بازی نہ کریں۔ ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کے دوران اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی کے تجربات اور مشاہدات کا ذکر کرتے ہوئے خواتین کو آگاہی دی۔
عینی زیدی کا کہنا تھا کہ ان کی شادی 17 سال کی عمر میں ہوئی تھی، لیکن وہ کسی کو بھی اتنی کم عمری میں شادی کرنے کا مشورہ نہیں دیں گی۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں شادی کے کچھ فوائد ضرور ہو سکتے ہیں، جیسے بچوں کے ساتھ کھیلنے کا وقت مل جاتا ہے، لیکن اس کا منفی اثر آپ کی شخصیت اور زندگی پر پڑ سکتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ تعلیم مکمل کرنا اور زندگی کے معاملات میں سمجھداری حاصل کرنا شادی سے پہلے ضروری ہے۔ ان کے مطابق شادی کے لیے بہترین عمر 23 یا 24 سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ جلدی شادی کرتے ہیں تو زندگی میں مشکلات بڑھ سکتی ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ پہلے خود کو مضبوط اور باشعور بنائیں۔