انقلاب کل اسلام آباد کی سڑکوں پر بھاگتاہوا دکھائی دیا، عظمیٰ بخاری
میڈیا نے سچ دکھایا اور پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوا، وزیر اطلاعات پنجاب
لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مشہور زمانہ "انقلاب” کل اسلام آباد کی سڑکوں پر بھاگتا ہوا دکھائی دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ موجودہ دور میں پانچ بار اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی گئی، لیکن ان پر خیبرپختونخوا کے چند سرکاری ملازمین کے سوا کسی نے کان نہیں دھرا۔ میڈیا نے سچ دکھایا اور پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوا۔ جیسے ہی لائٹیں بند ہوئیں، انقلاب بھاگ نکلا۔ یہ 9 مئی کی ناکام تکرار تھی، لیکن ریاست نے بہترین ردعمل دیا۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کفن پوش جلوس موت کا سامنا کرتے ہی دوڑ لگا گیا۔ قیادت کہیں نظر نہیں آئی، کچھ لیڈرز سیلفیاں بناتے رہے اور کچھ نے خود کو گرفتار کروا کر سب کچھ ختم کر دیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد میں دو سویلین جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے۔ یہ پتہ چلایا جائے گا کہ وہ کس کے اسلحے سے متاثر ہوئے، کیونکہ پولیس غیر مسلح تھی۔
عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پر بشریٰ بی بی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کل فرار ہو گئیں، حالانکہ وہ لوگوں سے وعدے کرتی رہیں کہ خان کے بغیر نہیں جائیں گی۔ گنڈاپور کو کل عوام کی طرف سے ڈنڈے اور گالیاں پڑیں، حتیٰ کہ گاڑی کے ٹائر بھی پھاڑ دیے گئے تاکہ وہ بھاگ نہ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست کو بشریٰ بی بی کی ناتجربہ کاری نے تباہ کر دیا۔ تعویذ اور گنڈے کسی کو سیاسی خاتون نہیں بنا سکتے۔ لوگ احتجاج کے دوران بے یار و مددگار رہ گئے جبکہ بشریٰ بی بی اور گنڈاپور مزے سے برگر کھاتے رہے۔ خیبرپختونخوا کے پی ڈی ایم اے کے لحاف مظاہرین نے استعمال کیے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بیلاروس کا وفد اسلام آباد میں موجود تھا، اور ان کے سامنے ہونے والی بدنامی کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ اس جماعت کے قائدین کو شرم کرنی چاہیے جنہیں لاکھوں افراد کی شرکت کی امید تھی۔ لیکن جماعت کی قیادت ہی عوام کے ساتھ نہیں کھڑی ہوئی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کا مستقبل تاریک نظر آتا ہے۔ پنجاب میں پارٹی کی حیثیت ختم ہوتی جا رہی ہے۔ حماد اظہر کے ساتھ چند لوگ تھے، اور لاہور سمیت پورے پنجاب سے صرف 80 گرفتاریاں ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہمیشہ مذاکرات کی بات کرتی رہی ہے، لیکن تحریک انصاف کے خمیر میں فساد ہے۔ دہشت گردوں سے مذاکرات نہ کل ہوئے تھے، نہ آئندہ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ راستوں کی بندش کے باوجود کسی چیز کی قلت پیدا نہیں ہوئی، اور آج شام تک سبزیوں سمیت دیگر اشیا کی قیمتیں مستحکم ہو جائیں گی۔