بزنس

ملک میں احتجاج اور سیاسی کشیدگی، سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی

کے ایس ای 100 انڈیکس 97,361 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا

اسلام آباد میں جاری سیاسی تناؤ کے منفی اثرات نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ (پی ایس ایکس) کو شدید متاثر کیا، منگل کے روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3800 پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔

مارکیٹ میں دن کا آغاز منفی رجحان کے ساتھ ہوا، جہاں ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 97,361 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا۔ تاہم بینکنگ سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری کی بدولت تھوڑی دیر کے لیے مارکیٹ میں بہتری دیکھنے میں آئی۔

صبح 11 بج کر 15 منٹ پر انڈیکس میں 1,642 پوائنٹس یا 1.68 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 99,722.66 پوائنٹس کی سطح تک پہنچا۔ لیکن دوپہر کے وقت، دوبارہ فروخت کے دباؤ کی وجہ سے انڈیکس 2,281 پوائنٹس یا 2.33 فیصد کمی کے ساتھ 95,797.90 پوائنٹس پر آگیا۔

دن کے اختتامی لمحات میں دباؤ مزید بڑھا، جس سے انڈیکس 3,800 پوائنٹس کی کمی کے بعد 94,200 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔

مارکیٹ میں اس شدید اتار چڑھاؤ کا سبب اسلام آباد میں جاری احتجاج اور جھڑپیں بنیں، جہاں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم ہوا۔ جھڑپوں کے دوران ایک تیز رفتار گاڑی کے ذریعے رینجرز اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 4 اہلکار شہید ہوئے۔ اس کے بعد شہر میں پاک فوج کو طلب کر لیا گیا اور شرپسند عناصر کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

پنجاب پولیس کے سربراہ انور عثمان کے مطابق ان جھڑپوں میں 119 افراد زخمی ہوئے، جبکہ پولیس کی 22 گاڑیوں کو بھی نذر آتش کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ پیر کے روز بینکنگ سیکٹر میں زبردست سرمایہ کاری کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 281.55 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 98,000 پوائنٹس سے اوپر بند ہوا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button