پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہائبرڈ ماڈل اپنانے اور بھاری معاوضے کی پیشکش کو مسترد کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی اب بھی اپنے موقف پر قائم ہے کہ ہائبرڈ ماڈل قابل قبول نہیں۔ تاہم کئی دن گزرنے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پی سی بی کے لکھے گئے خط کا کوئی تحریری جواب نہیں دیا۔
گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے میڈیا کے ذریعے پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے پر بھاری معاوضے کی پیشکش کی تھی، جسے پاکستان کرکٹ بورڈ نے رد کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کے ذریعے پی سی بی پر زور دیا کہ بھارت کے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منتقل کیے جائیں اور اس کے بدلے پاکستان کو مالی فوائد کی پیشکش کی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت میزبانی کرنے سے گریزاں ہے اور یہ اصرار کیا کہ بھارت کے گروپ میچ اور فائنل لاہور میں ہی ہونے چاہئیں۔
پاکستان ایونٹ کا میزبان ہے، مگر بھارتی حکومت اور کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے لیے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ براڈکاسٹرز کی جانب سے دی گئی شیڈول کی ڈیڈ لائن بھی گزر چکی ہے، جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ دبئی میں تمام میچز منعقد کرنے پر بضد ہے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مخالفت برقرار ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس معاملے پر 26 نومبر کو ہونے والے آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے ورچوئل اجلاس میں فیصلہ متوقع ہے، جس سے مستقبل کی صورتحال واضح ہو سکتی ہے۔