پرتھ ٹیسٹ: بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنز سے ہرا دیا

دوسری اننگز میں بھارت نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 487 رنز بنائے

پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنز سے ہرا کر بارڈر گواسکر ٹرافی کی 5 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم صرف 150 رنز بنا سکی، لیکن آسٹریلیا کی ٹیم اس سے بھی کم 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس سے بھارت کو 46 رنز کی برتری ملی۔ دوسری اننگز میں بھارت نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 487 رنز بنائے اور اننگز ڈیکلیئر کرکے میزبان ٹیم کو 534 رنز کا بڑا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن دونوں اننگز میں ناکام رہی۔ پوری ٹیم 238 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جہاں 6 بلے باز ڈبل فیگر تک بھی نہ پہنچ سکے۔ ٹریوس ہیڈ 89 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارت کے کپتان جسپریت بمرا نے میچ میں کل 8 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ ان کے علاوہ محمد سراج نے 5 اور ہرشت رانا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کے جوش ہیزل وڈ نے 4 جبکہ مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، اور مچل مارش نے 2،2 وکٹیں لیں۔

جواب میں بھارتی باؤلرز نے شاندار کارکردگی دکھائی اور میزبان ٹیم کو صرف 104 رنز پر آؤٹ کردیا۔ بمرا نے 5، ہرشت رانا نے 3 اور محمد سراج نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

دوسری اننگز میں بھارت نے 487 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ یشسوی جیسوال نے 161 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ کے ایل راہل نے 77 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی نے 143 گیندوں پر سنچری اسکور کرکے اپنی فارم بحال کی اور آسٹریلیا کی سرزمین پر سب سے زیادہ 7 سنچریوں کا بھارتی ریکارڈ بنایا، سچن ٹنڈولکر کا 6 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

534 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے تیسرے دن کے اختتام تک 3 وکٹیں 12 رنز پر ہی گنوا دیں۔ پوری ٹیم چوتھے دن 238 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ عثمان خواجہ، اسٹیو اسمتھ اور مارنس لبوشین سمیت کئی اہم بلے باز دونوں اننگز میں ناکام رہے۔

Exit mobile version