صحت

کیا کم نیند آپ کی یادداشت کو متاثر کر سکتی ہے؟

6 گھنٹے سے کم نیند لینے والے افراد میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ دگنا ہو سکتا ہے

کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر آپ روزانہ 6 گھنٹے سے کم نیند لینے کے عادی ہیں تو اس کا آپ کی صحت پر کیا اثر پڑتا ہے؟

یقین کرنا مشکل ہوگا، مگر یہ عادت متعدد بیماریوں کو دعوت دے سکتی ہے، اور دیگر جسمانی و ذہنی مسائل کا باعث بھی بن سکتی ہے۔

آج کے دور میں اسمارٹ ڈیوائسز کے زیادہ استعمال نے لوگوں کو دیر رات جاگنے کا عادی بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں نیند کا دورانیہ کم ہوتا جا رہا ہے۔

آئیے جانتے ہیں کہ 6 گھنٹے سے کم نیند لینے کے جسم پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے

نیند کی کمی ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ مانی جاتی ہے۔ امریکا میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق نیند کی کمی سے غنودگی کا شکار ڈرائیور ہر سال ڈیڑھ سے دو ہزار جان لیوا حادثات کا باعث بنتے ہیں۔ 25 سال سے کم عمر افراد اس خطرے کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق نیند کی کمی دفتری امور کے دوران توجہ کی کمی اور تھکن کی وجہ سے چوٹ لگنے کے امکانات بڑھا دیتی ہے۔

مدافعتی نظام کمزور ہو جاتا ہے

نیند کی کمی سے جسم کی بیماریوں سے لڑنے کی صلاحیت کمزور ہو جاتی ہے، جس سے معمولی بیماریوں کا شکار ہونا بھی آسان ہو جاتا ہے۔

دماغی کارکردگی متاثر ہوتی ہے

نیند سوچنے، سمجھنے اور سیکھنے کے لیے ضروری ہے۔ نیند کی کمی کے باعث توجہ مرکوز کرنے، ردعمل ظاہر کرنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں، جس سے سیکھنے کا عمل مشکل ہو جاتا ہے۔

دل کی بیماریاں اور ذیابیطس کا خطرہ

نیند کی کمی کے طویل مدتی اثرات میں امراضِ قلب، ہائی بلڈ پریشر، ہارٹ اٹیک، فالج اور ذیابیطس جیسے امراض کا خطرہ شامل ہے۔

ڈپریشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے

نیند کی کمی کے باعث وقت گزرنے کے ساتھ ڈپریشن اور انزائٹی کی علامات شدت اختیار کر سکتی ہیں۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق نیند کی کمی سے متاثرہ افراد میں ڈپریشن کی تشخیص کا خطرہ پانچ گنا زیادہ ہوتا ہے۔

جلد کی صحت متاثر ہوتی ہے

چند راتوں کی نیند کی کمی سے آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے اور جلد پر جھریاں نمایاں ہو سکتی ہیں۔ اگر یہ عادت طویل عرصے تک جاری رہے تو جلد کی لچک ختم ہو جاتی ہے اور تناؤ کے ہارمونز بڑھ جاتے ہیں، جو جلد کی صحت کو مزید خراب کر دیتے ہیں۔

یادداشت متاثر ہوتی ہے

تحقیقی رپورٹس کے مطابق نیند کے دوران دماغ یادوں کو محفوظ اور منظم کرتا ہے، اور نیند کی کمی یادداشت پر منفی اثر ڈالتی ہے۔

موٹاپے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے

کم نیند سے بھوک بڑھانے والے ہارمونز زیادہ خارج ہوتے ہیں، جس سے جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق 6 گھنٹے سے کم نیند لینے والے افراد میں موٹاپے کا خطرہ 30 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

زندگی کی طوالت کم ہو سکتی ہے

ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ 6 گھنٹے سے کم نیند لینے والے افراد میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ دگنا ہو سکتا ہے۔ یہ تحقیق دو دہائیوں تک 10 ہزار افراد پر کی گئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button