سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع
آئندہ 3 دنوں کے لیے تمام قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں اور دھرنے جیسے عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی
حکومت پنجاب نے امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں نافذ دفعہ 144 کو 28 نومبر تک توسیع دے دی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 3 دنوں کے لیے تمام قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں اور دھرنے جیسے عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔
یہ فیصلہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، موجودہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر عوامی اجتماعات دہشت گردوں کے لیے ممکنہ طور پر آسان ہدف ثابت ہو سکتے ہیں۔
کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی سفارش پر یہ اقدام گزشتہ 3 دنوں سے نافذ دفعہ 144 کی مدت میں توسیع کے طور پر لیا گیا۔
اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 18 نومبر سے دفعہ 144 نافذ ہے، جہاں مذہبی اور سیاسی اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔
ادھر سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کے حق میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا قافلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔
قافلہ اسلام آباد کے 26 نمبر چونگی کے قریب پہنچ چکا ہے، جہاں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی۔