کھیل

زمبابوے کے خلاف پاکستان کو پہلے ون ڈے میں 80 رنز سے شکست

پاکستانی بیٹنگ فلاپ، 21 اوورز میں صرف 60 رنز اسکور

زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 80 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کی مداخلت کے باعث میچ مکمل نہ ہو سکا، اور زمبابوے کو فاتح قرار دیا گیا۔ پاکستانی ٹیم 206 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 60 رنز بنا سکی، جس میں 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔

پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بالترتیب 11 اور ایک رن بنا کر زمبابوے کے فاسٹ باؤلر بلیسنگ مزاربانی کی گیندوں پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد کامران غلام میدان میں آئے، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو پر سینچری اسکور کی تھی، لیکن یہاں وہ صرف 17 رنز بنا سکے اور سین ولیمز کا شکار بنے۔

40 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان آغا سلمان اور ڈیبیو کرنے والے حسیب اللہ خان کریز پر آئے۔ تاہم، دونوں بھی زیادہ دیر تک مزاحمت نہ کر سکے۔ آغا سلمان صرف 4 رنز بنا کر اور حسیب اللہ بغیر کوئی رن بنائے سکندر رضا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ عرفان خان 7 رنز بنا کر سین ولیمز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

کپتان محمد رضوان نے اپنی اننگز میں کچھ اعتماد کا مظاہرہ کیا اور 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، لیکن بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کو 80 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سیریز کے پہلے میچ کا انعقاد بلاوایو میں ہوا، جہاں میزبان ٹیم 40.2 اوورز میں 205 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فیصل اکرم نے شاندار باؤلنگ کی اور 8 اوورز میں 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

زمبابوے کی اننگز کا آغاز جویلورڈ گمبی اور توانڈاناشے مارومانی نے کیا، جنہوں نے اپنی ٹیم کو 40 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ وہ بالترتیب 15 اور 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد زمبابوے کی بیٹنگ مشکلات کا شکار ہوئی اور ان کی آدھی ٹیم 99 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ تاہم، رچرڈ نگروا نے 48 اور سکندر رضا نے 39 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو قابلِ دفاع اسکور تک پہنچایا۔

پاکستان کی باؤلنگ میں فیصل اکرم کے علاوہ سلمان علی آغا نے 3، جبکہ عامر جمال، محمد حسنین اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ سے قبل کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا، اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر زور دیا۔ عامر جمال، فیصل اکرم اور حسیب اللہ نے اس میچ میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا۔ رضوان نے اس سیریز کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اہم تجربہ قرار دیا تھا۔

زمبابوے اور پاکستان کے درمیان 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز جاری ہے، جس کے اگلے میچز 26 اور 28 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز کا آغاز یکم دسمبر سے ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button