علاقائی

لاہور کے عوام نے پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال پھر مسترد کر دی، عظمیٰ بخاری

پنجاب میں موجود پی ٹی آئی کے 104 اراکین اسمبلی کہاں ہیں؟ جو انقلاب لانا چاہتے ہیں وہ سب سو رہے ہیں

لاہور: عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ انقلابی جنگجو ابھی سورہے ہیں، آج بھی ان کے آدھے لوگ گھر بیٹھ کر کام کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کئی دنوں سے تیاریوں کی باتیں ہو رہی تھیں، لیکن پنجاب میں موجود پی ٹی آئی کے 104 اراکین اسمبلی کہاں ہیں؟ جو انقلاب لانا چاہتے ہیں وہ سب سو رہے ہیں۔ ان کے واٹس ایپ گروپس میں بھی پیغامات نامعلوم افراد کی طرف سے آرہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ لاہور کے شہری سکون سے چھٹی منا رہے ہیں اور ناشتے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے کچھ لوگ دہشت گردی کے منصوبے کے تحت پنجاب میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے، لیکن پنجاب کے عوام ان کے فساد کا حصہ بننے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے اپنے بچے سیاسی سرگرمیوں سے دور ہیں، لیکن سرکاری ملازمین کو احتجاج کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔ بشریٰ بی بی کا ویڈیو پیغام دینے کے بعد نمبر بند ہے، ان کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے اور انہیں اس کے جواب دینا ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور اور پنجاب کے عوام پی ٹی آئی کے احتجاج کی پانچویں کال کو بھی مسترد کر چکے ہیں۔ انقلابی باجی خود سو رہی ہیں جبکہ عام شہریوں کو انقلاب میں شرکت کا کہہ رہی ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے اپنے لیڈر کو بھی سبز باغ دکھائے گئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ہم ان کے انقلاب کے نعروں سے بخوبی واقف ہیں۔ ان کے لوگ پولیس کی گاڑی دیکھتے ہی بھاگ جاتے ہیں۔ آج ان کے بتی چوک آنے کی منصوبہ بندی ہے، لیکن لاہور کے عوام ان کے عزائم کا حصہ نہیں بنیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button