راولپنڈی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی: فتنہ الخوارج کے تین دہشتگرد ہلاک
سی ٹی ڈی نے بڑے حملے کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی، 2 دہشتگرد فرار
راولپنڈی: چکری کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں فتنہ الخوارج کے تین دہشتگرد مارے گئے جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی تھی۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے فورسز پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں سی ٹی ڈی نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا شکار ہو گئے، جبکہ دو دہشتگرد موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر، رائفلیں، آئی ای ڈی بم، گولیاں اور دیگر بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، اور جلد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دہشتگرد راولپنڈی میں بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، لیکن بروقت کارروائی سے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے گئے۔
واضح رہے کہ ایک دن قبل نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے خبردار کیا تھا کہ فتنہ الخوارج پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کے دوران دہشتگردی کی کارروائیاں کر سکتا ہے۔ اس حوالے سے تھریٹ الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔