معیشت کی بہتری میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،وزیر خزانہ

پاکستان میں آئی ٹی ترقی گیم چینجر ثابت ہوسکتی ہے،محمد اورنگزیب

کراچی : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا بنیادی کام پالیسیوں کا فریم ورک تیار کرنا ہے، جبکہ معیشت کی بحالی میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کراچی میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے منعقدہ سٹارٹ اپ سمٹ سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں ترقی پاکستان کے لئے ایک گیم چینجر ثابت ہوسکتی ہے، اور سٹارٹ اپ سسٹم اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے، اور آئی ٹی کے ذریعے آگے بڑھنے کے امکانات وسیع ہیں۔ مالیاتی شمولیت میں ٹیکنالوجی کا کردار انتہائی اہم ہے، جس سے ہر شعبے میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ریاض میں ملاقات ہوئی، جہاں منعقدہ کانفرنس کا تھیم مصنوعی ذہانت پر مبنی تھا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی سرمائے کے مواقع میں تکنیکی درستگی آگئی ہے، اور معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ تاہم، بہتری کے عمل کو مزید مستحکم بنانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا کردار پالیسی سازی میں تسلسل برقرار رکھنا ہے جبکہ نجی شعبوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس میں توسیع اور ترقی لائیں۔

Exit mobile version