لاہور: اداکارہ سیدہ طوبیٰ انور کا کہنا ہے کہ ان کی تعلیم کے سفر پر ان کی یونیورسٹی کے لوگ بہت خوش ہیں۔ سیدہ طوبیٰ نے حالیہ دنوں میں ٹی وی شو گپ شپ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے کیریئر کا آغاز تخلیقی لکھاری کے طور پر ہوا تھا، بعدازاں انہوں نے پروڈکشن میں کام شروع کیا، اور آگے بھی اس شعبے میں مزید کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
انہوںنے بتایا کہ مختلف مزاحیہ کردار ادا کیے، تاہم انہیں سنجیدہ اور جذباتی کرداروں میں زیادہ شہرت ملی ہے اور لوگ انہیں ایسے ہی کرداروں میں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
سیدہ طوبیٰ نے اپنی شادی کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ وہ مخلص، سچے اور اچھی شخصیت کے حامل انسان سے شادی کرنا چاہیں گی لیکن فی الحال ایسا کوئی شخص ان کے ذہن میں نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں ابھی تک کسی فلم یا ویب سیریز میں کام کرنے کی آفر نہیں ہوئی، لیکن جب بھی کسی اچھے کردار کی پیشکش ہوگی، وہ ضرور اس پر غور کریں گی۔
طوبیٰ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ وہ اداکاری کے ساتھ اپنی تعلیم کو بھی ساتھ لے کر چل رہی ہیں اور میڈیا سائنسز میں زیر تعلیم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شوبز کے مصروف شیڈول کے باعث یونیورسٹی باقاعدگی سے جانا مشکل ہے، لیکن پھر بھی وہ اپنی تعلیم میں دلچسپی کے باعث وقت نکال لیتی ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے یونیورسٹی میں موجود ہونے کی وجہ سے ان کے ساتھی طلبہ اور دیگر افراد خوش رہتے ہیں اور ان سے شوبز میں انٹری کے متعلق مشورے لیتے رہتے ہیں۔ سیدہ طوبیٰ کے مطابق، یونیورسٹی میں ان کی پہچان ایک طالبہ کی حیثیت سے ہے نہ کہ ایک اداکارہ کے طور پر۔