ڈنمارک کی دوشیزہ نے پہلی بار ’مس یونیورس‘ کا تاج سر پر سجا لیا

شادی شدہ، مائیں اور زائد العمر خواتین کی پہلی بار ’مس یونیورس‘ کی تقریب میں شرکت

میکسیکو: یورپی ملک ڈنمارک نے پہلی بار عالمی خوبصورتی کے مقابلے ’مس یونیورس‘ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے فتح حاصل کر لی۔

73ویں ’مس یونیورس‘ کا انعقاد میکسیکو میں ہوا، جہاں 21 سالہ دوشیزہ وکٹوریا کجائر نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

فائنل 17 نومبر کو منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر سے 130 حسیناؤں نے شرکت کی۔ اس بار پہلی بار 28 سال سے زائد عمر کی خواتین، شادی شدہ خواتین، مائیں، اور ٹرانس جینڈر افراد کو بھی اس مقابلے میں حصہ لینے کا موقع دیا گیا۔

ڈنمارک کی وکٹوریا کجائر، جو جانوروں کے حقوق کی حامی، ڈانسر اور کامیاب کاروباری خاتون ہیں، نے اپنی خوبصورتی اور صلاحیتوں سے سب کو متاثر کرتے ہوئے یہ ٹائٹل جیتا۔

دوسری پوزیشن نائیجیریا کی دوشیزہ نے حاصل کی، جبکہ مقابلے میں وینزویلا کی دوشیزہ بھی شامل تھیں جو بچے کی پیدائش کے بعد ’مس وینزویلا‘ کا اعزاز جیتنے والی پہلی خاتون ہیں۔

اس سال مقابلے میں ایک 40 سالہ خاتون بھی شریک ہوئیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خوبصورتی کے مقابلے اب زیادہ جامع اور وسیع ہوگئے ہیں۔ ماضی میں صرف 28 سال سے کم عمر غیر شادی شدہ خواتین کو ہی اس مقابلے میں حصہ لینے کی اجازت تھی، لیکن 2023 میں منتظمین نے زائد العمر، شادی شدہ، مائیں، فربہ خواتین اور ٹرانس جینڈر افراد کے لیے بھی مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔

’مس یونیورس‘ کا یہ ایونٹ پانچویں بار میکسیکو میں منعقد ہوا، جہاں ماضی میں بھی متعدد میکسیکن دوشیزائیں اس اعزاز کو اپنے نام کر چکی ہیں۔

Exit mobile version