نئی دہلی : معروف بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے اپنے حالیہ کنسرٹ میں ایک واقعے پر معافی مانگ لی ۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کنسرٹ کے دوران ایک خاتون مداح جب اسٹیج کی طرف بڑھ رہی تھی تو سکیورٹی گارڈز نے اس کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون سکیورٹی گارڈز کو بتا رہی ہے کہ ارجیت سنگھ اسے بلا رہے ہیں لیکن سکیورٹی گارڈز اسے روکتے رہے اور اس کی گردن پکڑ لی۔ اس واقعے پر ارجیت سنگھ نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے اپنا گانا روکا اور سکیورٹی گارڈز کی اس حرکت پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
ارجیت سنگھ نے کہا کہ اس طرح کسی کو پکڑنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے شرکا سے بیٹھ جانے کی درخواست کی اور خاتون سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں معذرت خواہ ہوں، کاش میں آپ کی حفاظت کے لیے وہاں ہوتا، لیکن میں ایسا نہیں کر سکا۔
ارجیت سنگھ کی اس حرکت کو ان کے مداحوں نے سراہا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کی تعریف کی جا رہی ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ ارجیت سنگھ ایک بہترین انسان ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کی کتنی قدر کرتے ہیں۔