مالم جبہ واقعہ: غیر ملکی سفارتکاروں کا دورے سے متعلق اطلاع نہیں دی گئی، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: سوات میں غیرملکی سفارتکاروں کے قافلے پر ہونے والے دھماکے کے بعد دفتر خارجہ نے ایک پریس بریفنگ میں اس واقعے کی مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ اس دورے کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے آرگنائز کیا تھا اور وزارت خارجہ کو اس بارے میں مکمل معلومات نہیں دی گئی تھیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ملک میں مقیم ہر سفارتکار کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور غیرملکی سفارتکاروں کو پاکستان ایکسپلور کرنے کی ہمت افزائی کرتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ او آئی سی کے جموں و کشمیر کے رابطہ گروپ کا اجلاس یو این اجلاس کے سائیڈ لائنز اجلاسوں میں منعقد ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

اجلاس میں رابطہ گروپ نے بھارت سے جموں وکشمیر میں مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا اور ترکی کے سفارتکاروں نے تواتر کے ساتھ کشمیر کے بارے میں پاکستان کی حمایت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے دیگر ہمسایہ ممالک کی طرح وہاں امن و سلامتی سے متعلق فکرمند ہے۔ پاکستان افغانستان کے ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال ملک بننے کی خواہش رکھتا ہے اور اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔

ترجمان نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو بھی اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک قریبی ہمسائے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز موجود ہیں۔

Exit mobile version