جماعت اسلامی کا مہنگے بجلی بلوں کیخلاف ملک گیر مظاہروں کا اعلان

لاہور : جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے معاہدوں اور مہنگے بجلی بلوں کے خلاف 29 ستمبر کو ملک گیر مظاہروں کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت آئی پی پیز کو ہزاروں ارب روپے ادا کر رہی ہے جبکہ عوام بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کی وجہ سے تنگدستی کا شکار ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے آئی پی پیز کے معاہدوں کا فرانزک آڈٹ کروانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے غیر منصفانہ معاہدوں کو ختم کرنا ہوگا اور عوام کو سستی بجلی فراہم کرنی ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کرے گی اور حکومت کو اپنی مطالبات ماننے پر مجبور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی یہ تحریک عوام کی تحریک ہے اور ہم اسے کامیاب بنا کر رہیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تاجروں اور دیگر طبقات سے بھی اپنی حمایت حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 23 سے 27 اکتوبر تک ملک بھر میں ریفرنڈم کرے گی جس میں عوام سے پوچھا جائے گا کہ وہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر حکومت نے عوام کے مطالبات نہیں مانے تو جماعت اسلامی پہیہ جام ہڑتال اور ملین مارچ سمیت دیگر سخت اقدامات اٹھائے گی۔

Exit mobile version