راولپنڈی : پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپوں میں 12 دہشت گرد ہلاک اور پاک فوج کے 6 جوان شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 19 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر 7 دہشت گردوں کا ایک گروہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جسے سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں گھیر لیا اور انہیں ہلاک کر دیا۔ اس آپریشن میں پاک فوج کے 6 جوان بھی شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں بھی دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز نے ملک میں دہشت گردی کو ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔