اسلام آباد : قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ساڑھے گیارہ بجے کے بجائے شام 4 بجے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج ساڑھے گیارہ بجے طلب کیا گیا تھا جس کا 6 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا تھا تاہم سپیشل پارلیمانی کمیٹی کی سفارش پر اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ اہم امور پر فیصلے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کے وقت کی تبدیلی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا میں آئینی ترامیم کا بل شامل نہیں ہے۔ نمبر پورے ہونے کی وجہ سے آئینی ترامیم کا بل سپلیمنٹری ایجنڈے کے طور پر شامل کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کے ایوان بالا کا اجلاس بھی آج سہ پہر 4 بجے ہوگا تاہم آئینی ترمیم سے متعلق کوئی آئٹم ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس کا پانچ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا ہے جس میں دو توجہ دلاؤ نوٹس، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی وقفہ سوالات معطل کرنے سے متعلق ایک تحریک اور صدارتی خطاب پر صدر آصف علی زرداری کے تشکر سے متعلق تحریک شامل ہیں۔