کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کی ضمانت منظور
کراچی: کارساز حادثے کی مرکزی ملزمہ نتاشہ کو عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے پر ضمانت دے دی ہے۔
عدالت نے یہ فیصلہ متاثرین کے ورثا کی جانب سے ملزمہ کو معاف کرنے کے بعد دیا ہے۔
کراچی کی مقامی عدالت میں سماعت کے دوران ملزمہ اور متاثرین کے ورثا کے درمیان طے پانے والا حلف نامہ پیش کیا گیا جس میں ورثا نے بغیر کسی دباؤ کے ملزمہ کو معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عدالت نے اس حلف نامے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمہ کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
دوسری جانب، ملزمہ کے شوہر دانش اقبال کی عبوری ضمانت بھی 50 ہزار روپے کے مچلکے پر منظور کرلی گئی ہے۔
تاہم، ملزمہ کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔ عدالت اس پر 9 ستمبر کو فیصلہ سنائے گی۔
مدعی کے وکیل عزیر غوری نے دیت لینے کی باتوں کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر لواحقین نے اللہ کی رضا کے لیے معاف کیا ہے تو یہ ان کی مرضی ہے۔
ملزمہ کے وکیل عامر منصوب کا کہنا ہے کہ عدالت نے نتاشہ کو ضمانت دے دی ہے اور مرحومین کے ورثا نے اللہ کی رضا کے لیے معاف کیا ہے جو سب سے افضل ہے۔
واضح رہے کہ کارساز حادثے میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ملزمہ پر نشے میں گاڑی چلانے کا الزام ہے۔ ملزمہ کے خلاف منشیات کا مقدمہ بھی درج ہے۔