پنجاب کی ترقی کیلئے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا سیاسی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پنجاب کی ترقی کیلئے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا سیاسی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

لاہور:مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لیے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کی مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں پنجاب کی ترقی کے لیے مختلف اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے حسن مرتضیٰ، ندیم افضل چن اور حیدر گیلانی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں جماعتوں مل کر عوام کو سولر سسٹم کی فراہمی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے عوام کی بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ عوام کو سولر سسٹم کی فراہمی میں مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔

اجلاس میں علی حیدر گیلانی نے کہا کہ عوامی ریلیف کے فارمولے پر اتفاق کرنے پر وہ وزیر اعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکاوٹوں کو دور کرکے ہی عوام کو اتحادی حکومت کے ثمرات ملیں گے۔

دوسری جانب، مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل کر رہی ہیں۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اختلاف رائے ہمارا بنیادی حق ہے لیکن عوامی ایشوز کو مل کر حل کرنے پر ہم اتفاق کرتے ہیں۔

Exit mobile version