عراق سے پھنسے 375 پاکستانی زائرین کراچی پہنچ گئے
کراچی: عراق کے شہر بغداد میں پھنسے ہوئے 375 پاکستانی زائرین کو لے کر ایک خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بغداد ایئرپورٹ پر فلائٹس منسوخ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں پاکستانی زائرین وہاں پھنس گئے تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین نے اس معاملے پر فوری طور پر عراق میں پاکستانی سفیر سے رابطہ کرکے پھنسے ہوئے زائرین کی جلد از جلد وطن واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے 654 پاکستانی زائرین میں سے 375 زائرین کو لے کر پہلی پرواز رات گئے روانہ ہوئی اور صبح کراچی پہنچ گئی۔ باقی ماندہ زائرین کو لے کر دوسری پرواز آج دوپہر 3 بجے کے بعد کراچی پہنچنے کا امکان ہے۔
اس واقعے نے پاکستانی زائرین اور ان کے اہل خانہ میں کافی تشویش پھیلائی تھی لیکن حکومت کی بروقت مداخلت سے یہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔