مبارک ثانی کیس: حکومت کی درخواست منظور، متنازع پیراگراف حذف
سپریم کورٹ آف پاکستان نے مبارک ثانی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حکومت کی جانب سے نظرثانی کیس فیصلے میں درستی کی درخواست منظور کرلی اور فیصلے کے متنازع پیراگراف حذف کردیے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اس معاملے پر سماعت کی۔
بینچ مبارک ثانی کیس میں پنجاب حکومت کی مخصوص پیراگراف کو حذف کرنے کی درخواست پر سماعت کر رہا ہے، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے اس معاملے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مذہبی علماء کی رائے کو فیصلے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ معاملہ مذہبی ہونے کی وجہ سے علماء کی رائے جاننا ضروری ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ عدالت کا مقصد ایک صحیح اور منصفانہ فیصلہ دینا ہے۔ انہوں نے علماء کی رائے کو اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ وہ قرآن و حدیث کے حوالے سے اپنا فیصلہ دیں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کہنا تو نہیں چاہیے لیکن مجبور ہوں کہ میں ہر نماز میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ مجھ سے کوئی غلط فیصلہ نہ کروائے، انسان اپنے قول و فعل سے پہچانا جاتا ہے، پارلیمان کی بات سر آنکھوں پر ہے، آئین کی 50 ویں سالگرہ پر میں خود پارلیمنٹ میں گیا، میری ہر نماز کے بعد ایک ہی دعا ہوتی ہے کہ کوئی غلط فیصلہ نہ ہو، آپ کا شکریہ کہ آپ ہمیں موقع دے رہے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے مولانا فضل الرحمن ،مفتی شیر محمد اور کمرہ عدالت میں موجود علمائے کرام سے معاونت لینے کا فیصلہ کرلیا، ابو الخیر محمد زبیر اور جماعت اسلامی کے فرید پراچہ بھی عدالت کی معاونت کریں گے۔
بعد ازاں جسٹس قاضی فائز عیسی نے بتایا کہ ہم نے مفتی تقی عثمانی سے بھی معاونت کا کہا تھا لیکن وہ ترکیہ میں ہیں، ہم نے مفتی منیب الرحمن کو آنے کی زحمت دی تھی لیکن وہ نہیں آئے، اس پر مفتی منیب کے نمائندے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مجھے مفتی منیب الرحمن نے مقرر کیا ہے۔
اس موقع پر مولانا تقی عثمانی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوگئے۔
بعد ازاں چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں کوئی غلطی یا اعتراض ہے تو ہمیں بتائیں، ہم دیگر اکابرین کو بھی سنیں گے۔
مفتی تقی عثمانی نے بتایا کہ فروری کے فیصلے اور نظرثانی پر بھی تبصرہ بھیجا، مجھے نہیں معلوم آپ تک میری رائے پہنچی یا نہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم وہ منگوالیں گے لیکن زبانی طور پر بھی آپ کو سننا چاہتے ہیں کیونکہ فروری کا فیصلہ نظرثانی کے بعد پیچھے رہ گیا ہے، اب ہمیں آگے کی طرف دیکھنا چاہیے، میرا مؤقف ہے کہ ہم امریکا اور برطانیہ کی مثالیں دیتے ہیں اپنی کیوں نہ دیں؟ میں قرآن مجید ،احادیث اور فقہ کا حوالہ دیتا ہوں مگر شاید میری کم علمی ہے، اگر سب علمائے کرام کی رائے فیصلے میں شامل ہوتی تو فیصلہ نہیں کتاب بن جاتی۔
اس پر مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ معاملہ ایسا ہو تو لمبے فیصلے لکھنے پڑھتے ہیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ نظر ثانی فیصلے میں بتائیں کون سے پیراگراف غلط ہیں؟ مفتی تقی نے جواب دیا کہ آپ فیصلے میں طے شدہ مسائل سے زیادہ اصل مسئلے کو وقت دیتے،اسی کے ساتھ مفتی تقی عثمانی نے پیراگراف 7 اور 42 میں غلطی کی نشاہدہی کردی۔
انہوں نے کہا کہ نظرثانی فیصلے میں شروع کے پیراگراف درست ہیں اور یہ طے شدہ ہیں، آپ نے فیصلے میں لکھا کہ احمدی نجی تعلیمی ادارے میں تعلیم دے رہا تھا، تاثر مل رہا ہے کہ وہ نجی تعلیمی اداروں میں تعلیم دے سکتے ہیں۔
اسی کے ساتھ مفتی تقی عثمانی نے 29 مئی کے فیصلے سے دو پیراگراف حذف کرنے کا مطالبہ کر دیا، انہوں نے فیصلہ کے پیراگراف 7 اور 42 کو حذف کرنے کا مطالبہ کیا۔
مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ پیراگراف 42 میں تبلیغ کا لفظ استعمال کیا گیا یعنی غیر مشروط اجازت دی۔
اس پر چیف جسٹس نے سیکشن 298 سی پڑھ کر سنایا۔
مفتی تقی عثمانی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سیکشن کے مطابق غیر مسلم کو مسلمان ظاہر کرتے ہوئے تبلیغ کی اجازت نہیں، قادیانی اقلیت میں ہیں لیکن خود کو غیر مسلم نہیں تسلیم کرتے، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ تقی عثمانی صاحب میں معذرت چاہتا ہوں، وضاحت کرنا چاہتا ہوں جنہیں نوٹس کیا تھا ان کی جانب سے ہمیں بہت سارے دستاویزات ملے، اگر ان سب کا بغور جائزہ لیتے تو شاید فیصلے کی پوری کتاب بن جاتی۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ان تمام دستاویزات کو دیکھ نہیں سکا وہ میری کوتاہی ہے، اگر کوئی بات سمجھ نہیں آئی تو ہم سوال کریں گے، ہمارا ملک اسلامی ریاست ہے اس لیے عدالتی فیصلوں میں قرآن و حدیث کے حوالے دیتے ہیں، میں کوئی غلطی سے بالاتر نہیں ہوں۔
بعد ازاں مولانا فضل الرحمٰن نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ کئی نشستیں عدالت کی ہوئی ہیں اور اب نظرثانی کا معاملہ ہے، اس پر چیف جسٹس نے بتایا کہ یہ نظرثانی نہیں ہے، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یہ نظر ثالث ہے، علمائے کرام کی اپنی رائے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے بھی سامنے آ چکی ہے، آپ کے فیصلے کے خلاف یہ آرا آئیں ہیں، اس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کا کہنا تھا کہ کوئی اور بھی فیصلہ تھا آپ نے جمع کا صیغہ استعمال کیا۔
اس پر سربراہ جے یو آئی (ف) نے بتایا کہ آپ نے فرمایا کہ آپ سے غلطیاں ہو جاتی ہیں، ہمارا بھی جمع کا صیغہ اگنور کریں، میں 72 سال کی عمر میں پہلی بار کسی عدالت کے سامنے کھڑا ہوا، مجھے اللہ نے عدالت سے بچائے رکھا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم اتنے برے نہیں ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے اپنے دلائل جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ قادنی پوری امت مسلم کو غیر مسلم کہتے ہیں، مرزا غلام احمد قادیانی کہتا تھا جو اس پر ایمان نہ لائے وہ غیر مسلم ہے، یہ تو کہا جاتا ہے کہ ہم انہیں غیر مسلم کہتے ہیں لیکن جو وہ کہتے ہیں اس پر بات نہیں ہوتی، قادیانی مرتد ہیں تو ہم نے انہیں غیر مسلم کا نام کیوں دیا یہ سوال بھی ہے؟ ہم پاکستان میں غیر مسلوں کے لیے کوئی مسئلہ پیدا نہیں کرنا چاہتے۔
اس موقع پر کمرہ عدالت میں چند علمائے کرام نے احتجاج شروع کردیا۔
احتجاج کرنے پر چیف جسٹس نے کہا کہ خاموش ہو جائیں، انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے مکالمہ کیا کہ مولانا صاحب ان کو سمجائیں، مولانا فضل الرحمن نے جواب دیا کہ آپ کی عدالت ہے آپ کا حکم چلے گا، آپ اس کیس کو کسی نتیجے تک پہنچائیں۔
اسی کے ساتھ عدالت نے سماعت میں مختصر وقفہ کردیا۔
سماعت کے دوبارہ آغاز پر مفتی طیب قریشی نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے پہلے جن علمائے کرام نے رائے دی ہے ان سے متفق ہوں، قادیانیوں نے اپنی تفسیر صغیر مسلمانوں کی طرز پر ترتیب دی ہے، کوئی عام مسلمان اپنی اور قادیانیوں کی تفسیر میں تفریق نہیں کر پاتا، عدالت سے ہاتھ باندھ کر استدعا کر رہا ہوں کہ مسلمان مضطرب ہیں، انہیں تسلی دیں اور جو تجاویز علمائے کرام نے دی ہیں ان پر عملدرآمد کیا جائے۔
اس موقع پر مفتی طیب قریشی نے چیف جسٹس کو پشاور میں مسجد معابد خان کے دورے کی دعوت دے دی۔
بعدازاں سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے وفاقی حکومت کی درخواست منظور کر لی۔
عدالت عظمیٰ نے علما کرام کی تجاویز منظور کرتے ہوئے 6 فروری اور 24 جولائی کے فیصلوں سے متنازع پیراگراف حذف کر دیے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ سپریم کورٹ کے 6 فروری اور 24 جولائی کے فیصلے سے متاثر نہیں۔