پی ٹی آئی کا اسلام آباد جلسہ ملتوی، 8 ستمبر کو ہوگا

پی ٹی آئی کا اسلام آباد جلسہ ملتوی، 8 ستمبر کو ہوگا

اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا۔ اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کسی بھی انتشار سے بچنے کے لیے جلسہ ملتوی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اب جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج ترنول میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔ مقامی انتظامیہ نے بھی پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کیلئے جگہ جگہ کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیئے تھے۔

دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسے کی اجازت دے دی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں 22 سے 24 اگست تک دفعہ 144 نافذ رہے گی، دفعہ 144 کے تحت پنجاب بھر میں ہر قسم کے سیاسی و عمومی اجتماع پر پابندی عائد ہوگی۔

Exit mobile version