نمرہ خان کا نوجوان لڑکیوں کو اہم مشورہ
لاہور : معروف اداکارہ نمرہ خان نے نوجوان لڑکیوں کو ایک اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ زندگی کے مشکل حالات میں سہارا دینے والا ہر مرد اچھا نہیں ہوتا۔
نمرہ خان نے یہ بات حال ہی میں ایک تفریحی پروگرام میں شرکت کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہیں ایک حادثے کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں ان کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔
اس دوران انہیں دوسروں پر انحصار کرنے کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہیں احساس ہوا تھا کہ جسمانی معذوری کے وقت انسان کس قدر لاچار محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب کسی خاتون کا دل ٹوٹتا ہے تو اکثر اوقات کوئی دوسرا مرد اسے سہارا دینے کے لیے آ جاتا ہے اور اس وقت اس شخص کی مدد بہت اچھی لگتی ہے۔ لیکن نمرہ خان نے واضح کیا کہ ہر شخص جو سہارا دینے کا دعویٰ کرتا ہے، ضرور اچھا نہیں ہوتا اور نوجوان لڑکیوں کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے۔
اداکارہ نے اپنی بات کو مزید واضح کرتے ہوئے کہا کہ لڑکے اکثر سہارا دینے والے کے کردار میں آتے ہیں لیکن ساتھ ہی دھوکہ دینے والے بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔