وزیراعظم کا غریب طالبعلموں کیلئے انڈومنٹ فنڈ بنانے کا اعلان

وزیراعظم کا غریب طالبعلموں کیلئے انڈومنٹ فنڈ بنانے کا اعلان

وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے غریب طالب علموں کی سپورٹ کے لیے انڈومنٹ فنڈ بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارےاے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ حکومت ضرورت مند اور غریب گھرانے کے طلبہ کی امداد کے لیے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ لارہے ہیں، جس سے طلبا اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

وزیر اعظم کی جانب سے اعلان دو سال بعد سامنے آیا ہے، جب انہوں نے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی تھی اور 26 ملین بچوں کو اسکول میں داخلہ دلانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے چلڈرن ایجوکیشن فنڈز (یونیسف) کے نمائندے عبداللہ اے فدیل نے بتایا کہ 10 سال کی عمر کے 70 فیصد سے زائد بچوں کو پڑھنا اور لکھنا نہیں آتا ہے۔

آکسفورڈ یونین کے صدر اسرار خان کاکڑ سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ نئے فنڈ میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے جون میں ہونے والے آکسفورڈ یونین میں اسرار خان کاکڑ کی کامیابی پر ان کی تعریف بھی کی، جہاں اس عہدے پر پہنچے والے وہ تیسرے پاکستانی اور بلوچستان سے پہلے نوجوان ہیں۔

وزیر اعظم نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسرار خان جیسے نوجوان پاکستان کے لیے فخر کا باعث بنتے رہیں گے، تعلیمی کیرئیر میں اسکالرشپس حاصل کرنا اور بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا آکسفورڈ یونین جیسے ادارے کے الیکشن جیت کر صدر منتخب ہونا اعزازکی بات ہے۔

اسرار خان کاکڑ نے آکسفورڈ یونین سے خطاب کی دعوت دیتے ہوئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے اور متواتر مواقع فراہم کرنے پر ان کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اسرار خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ تمام نوجوان میرے جیسے ہی ہیں، جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی خدمات سرانجام دینا چاہتے ہیں۔

Exit mobile version