پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ بھارتی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر

کراچی : پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ مورنے مورکل کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے بدھ کو مورنے مورکل کو بھارتی ٹیم کا بولنگ کوچ بنانے کی تصدیق کردی ہے۔

مورنے مورکل کی تقرری سے بھارت کا کوچنگ اسٹاف مکمل ہو گیا ہے جس کی قیادت گوتم گمبھیر کر رہے ہیں۔ اس اسٹاف میں اسسٹنٹ کوچز ابھیشیک نیئر اور ریان ٹین ڈوشیٹ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ مورنے مورکل کو جون 2023 میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھ ماہ کے کنٹریکٹ پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا تھا۔ تاہم، انہوں نے 13 نومبر 2023 کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مورنے مورکل نے اپنے کامیاب کرکٹ کیریئر میں 86 ٹیسٹ میچوں میں 309 وکٹیں، 117 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 188 وکٹیں اور 44 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 47 وکٹیں حاصل کیں۔

Exit mobile version