بھارت میں تابکار مواد کی چوری پر پاکستان کا شدید ردعمل

اسلام آباد: پاکستان کا بھارت میں تابکار مواد کی چوری پر شدید ردعمل سامنے آ گیا

بھارت میں جوہری اور تابکار مواد کی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر پاکستان نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھارت میں جوہری مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے بار بار ہونے والے واقعات پر سخت تشویش ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تازہ ترین واقعے میں ایک گینگ کے پاس سے 100 ملین امریکی ڈالر مالیت کا انتہائی خطرناک تابکار مادہ برآمد ہوا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ 2021 میں بھی بھارت میں تابکاری کی چوری کے تین واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔ پچھلے مہینے بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر سے چوری ہونے والا تابکار ڈیوائس دہرادون سے برآمد ہوا تھا۔ ان واقعات نے بھارت کے جوہری مواد کی حفاظت کے نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ یہ واقعات ہندوستان کے اندر حساس، دوہرے استعمال کے مواد کی بلیک مارکیٹ کے وجود کی بھی نشاندہی کرتے ہیں اور بھارت میں اس طرح کے حساس مواد کا معمول کے مطابق غلط ہاتھوں میں جانا انتہائی خطرناک ہے۔

پاکستان نے ان واقعات کی مکمل تحقیقات اور ان کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات کرنے کے لیے بھارت سے مطالبہ کیا ہے۔

یہ واقعہ عالمی سطح پر جوہری پھیلاؤ کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے اور خطے میں کشیدگی پیدا کر سکتا ہے۔

Exit mobile version