الیکشن ترمیمی ایکٹ کیخلاف درخواست، جسٹس سلطان تنویر نے معذرت کر لی
لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کے خلاف دائر درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی ہے۔
درخواست گزار منیر احمد کی طرف سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے اور وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، اور مختلف سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کے ذریعے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اور اس کا اطلاق ماضی سے نہیں ہو سکتا۔
جسٹس سلطان تنویر احمد نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ موجودہ درخواست سپریم کورٹ کے فیصلے کی تشریح سے متعلق ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر دستیاب نہیں ہیں اور اس وجہ سے کیس فائل آج ہی قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے پاس بھجوا رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کو غیر آئینی قرار دیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک پی ٹی آئی کے علاوہ کسی دوسری جماعت کو مخصوص نشستیں دینے سے روکا جائے۔