اشنا شاہ کا بولڈ لباس پہنے پر پاکستانیوں کی تنقید پر ردعمل
لاہور : معروف اداکارہ اشنا شاہ نے ایک بار پھر پاکستانیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر منافقت کا الزام لگایا ہے۔
اشنا شاہ نے سوشل میڈیا پر ایک طویل نوٹ میں اپنے بولڈ لباس اور پاکستانیوں کی اس حوالے سے ردعمل پر کھل کر بات کی ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اشنا شاہ نے لکھا ہے کہ وہ کینیڈا میں پلی بڑھی ہیں اور ان کی تربیت پاکستانیوں سے مختلف ہے۔ انہوں نے لبرل اور کھلی ذہنیت کے ایک سفید فام شخص سے شادی کی ہے۔ ان کے مطابق میرے لباس اور ٹانگیں دکھانے پر شوہر کو مسئلہ نہیں، پاکستانیوں کا دماغ خراب ہوجاتا ہےلیکن پاکستانیوں کو یہ بات ہضم نہیں ہوتی۔
اداکارہ نے پاکستانیوں پر دوہرا معیار رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو وہ نرگس فخری جیسے اداکاروں کے آئٹم گانوں کو شوق سے دیکھتے ہیں لیکن دوسری طرف انہیں (اشنا شاہ) کو بولڈ لباس پہننے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
اشنا شاہ نے اپنی شادی کے موقع پر پہنی ہوئی سرخ چولی پر قوم سے معافی مانگنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اب وہ اپنی مرضی سے زندگی گزاریں گی۔
اشنا شاہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں۔ کچھ لوگوں نے اداکارہ کی حمایت کی اور کہا کہ انہیں اپنی مرضی سے لباس پہننے کا حق ہے۔ دوسری جانب کچھ لوگوں نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستانی ثقافت کا احترام کرنا چاہیے۔