پاکستان کا چینی شہریوں کو مفت ویزا فراہمی کا فیصلہ
اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چینی شہریوں کو مفت ویزا فراہمی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا اطلاق 14 اگست سے ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی پسند چھوٹا چین بنانا چاہتے ہیں اور اس کے ترقیاتی ماڈل پر اپنی معیشت کا فروغ چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بات اسلام آباد میں چین کے اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں اور چینی قیادت کیساتھ ملاقاتوں کے نتیجے میں اعلیٰ سطح وفد پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں چینی شہریوں کو مفت ویزا فراہمی کا فیصلہ کیا گیا، چینی شہریوں کو مفت ویزا فراہمی کا اطلاق 14 اگست سے ہوگا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چینی وفد کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری، صنعت، زراعت اور خصوصی اقتصادی زونز میں تعاون کو فروغ دے گا۔ انہوں نے بشام واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چینی صدر کو پاکستان کو ترقی پسند چھوٹا چین بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر چینی صدر نے مسکرا کر جواب دیا تھا۔