مسقط میں جاں بحق 4 پاکستانیوں کی میتیں پاکستان پہنچ گئیں
مسقط: عمان میں مسجد پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 4 پاکستانیوں کی میتیں جمعہ کو پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق سید قیصر عباس بخاری کی میت پی آئی اے کی پرواز پی کے 226 کے ذریعے کراچی پہنچائی گئی۔ اس کے بعد ان کی میت کو پرواز پی کے 302 کے ذریعے لاہور لے جایا جائے گا۔
غلام عباس اور حسن عباس کے جسد خاکی کو پرواز پی کے 292 کے ذریعے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچایا گیا۔ سلیمان نواز کی میت پہلے ہی پرواز پی کے 230 کے ذریعے لاہور پہنچ چکی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی ہدایات پر مسقط میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے جسد خاکی کو وطن واپس لایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں، عمان کے دارالحکومت مسقط میں ایک مسجد پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس حملے میں 4 پاکستانی جاں بحق اور 28 افراد زخمی ہوئے تھے۔
حملے کی ذمہ داری کسی نے ابھی تک قبول نہیں کی ہے، تاہم عمانی حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پاکستان حکومت نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عمان سے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔