لائف سٹائل

فیروز خان کو اسٹار بنانے میں میرا اہم کردار ہے، یاسر نواز

یاسر نواز اور فیروز خان ایک نئے ڈرامے میں والد اور بیٹے کے روپ میں نظر آئیں گے

سینئر اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار یاسر نواز نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مقبول اداکار فیروز خان کو پہلی بار اداکاری کا موقع فراہم کیا اور انہیں اسٹار بنانے میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔

فیروز خان نے اپنے کیریئر کا آغاز 2015 میں اے آر وائے پر نشر ہونے والے ڈرامے ’چپ رہو‘ سے کیا تھا، جس کی ہدایات یاسر نواز نے دی تھیں۔ اس ڈرامے میں یاسر نواز نے خود بھی کردار ادا کیا تھا، جبکہ سجل علی اور سید جبران ناصر جیسے معروف اداکار بھی اس کا حصہ تھے۔

یاسر نواز نے حال ہی میں 365 نیوز کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور دیگر موضوعات پر گفتگو کی۔ اسی انٹرویو میں انہوں نے فیروز خان کو اداکاری کا موقع دینے اور ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربات پر روشنی ڈالی۔

پروگرام کے دوران میزبان اشنا شاہ نے جب فیروز خان کے کیریئر سے متعلق سوال کیا تو یاسر نواز نے بتایا کہ وہی پہلے شخص تھے جنہوں نے فیروز خان کو ڈراما سیریل ’چپ رہو‘ میں بریک دیا اور انہیں اسٹار بنانے میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے فیروز خان کو کاسٹ کرنے کا دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ان کی اسسٹنٹ نے فیروز خان کے بارے میں بتایا تھا اور تجویز دی تھی کہ انہیں نئے ڈرامے میں شامل کیا جائے۔ اس پر یاسر نواز نے کہا تھا کہ اسسٹنٹ خود فیروز سے رابطہ کرے اور ملاقات طے کرے۔

یہ بھی پڑھیں: بوہیمیا لاہور فیسٹیول میں انتظامیہ پر برس پڑے، ویڈیو وائرل

یاسر نواز کے مطابق فیروز خان اسی رات ان سے ملنے آئے اور تقریباً 20 سے 25 منٹ تک ان کی گفتگو ہوئی۔ یاسر نواز نے بتایا کہ پہلی ملاقات میں ہی انہیں اندازہ ہو گیا تھا کہ فیروز خان میں بہت صلاحیت ہے۔ اس کے بعد ڈراما ’چپ رہو‘ سپر ہٹ ثابت ہوا اور فیروز خان کے کردار نے لوگوں کے دل جیت لیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیروز خان کو اسٹار بنانے میں ان کا بھی بڑا حصہ ہے اور جلد ہی وہ ان کے ساتھ ایک نئے ڈرامے میں کام کرتے دکھائی دیں گے۔ اس ڈرامے میں فیروز خان ان کے بیٹے کا کردار ادا کریں گے۔

یاسر نواز نے یہ بھی بتایا کہ اس ڈرامے میں وہ پہلی بار اپنے بالوں کو سفید رنگ کروا کر کردار ادا کر رہے ہیں۔ عام طور پر وہ بغیر کسی تبدیلی کے کردار ادا کرتے ہیں، لیکن اس بار انہوں نے فیروز خان کے والد کا کردار نبھانے کے لیے خصوصی طور پر بالوں کو سفید کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button