پنجاب میں کاروباری ترقی کے لیے ’’آسان کاروبار سکیم‘‘ کا آغاز

پنجاب میں کاروبار کے لیے ایک نیا دور شروع کرنے کی تیاری مکمل

لاہور: پنجاب میں کاروبار کے لیے ایک نیا دور شروع کرنے کی تیاری مکمل ہو گئی ہے۔ ’’وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار سکیم‘‘ اور ’’وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار کارڈ سکیم‘‘ کے تحت بڑی فنانشل اسکیمیں متعارف کرائی گئی ہیں جن کا مقصد کاروباری افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

’’وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار سکیم‘‘ کے لیے 84 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ’’وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار کارڈ سکیم‘‘ کے لیے 48 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔ ان دونوں سکیموں کے ذریعے کاروباری افراد کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے کاروبار کو مزید ترقی دے سکیں۔

آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 36 ارب روپے سے زائد کا بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس سکیم میں 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے جنہیں 5 سال کی آسان اقساط میں واپس کیا جا سکتا ہے۔ اس سکیم کے لیے 25 سے 55 سال تک کے پنجاب کے رہائشی مرد، خواتین، ٹرانسجینڈرز اور خصوصی افراد اہل ہیں۔ قرض حاصل کرنے کے لیے ایکٹیو فائلر ہونا ضروری ہے اور کسی مالیاتی ادارے کا ڈیفالٹر نہ ہونا چاہیے۔ درخواست دہندگان گھر بیٹھے آن لائن ویب پورٹل پر درخواست دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اگلے پانچ سالوں میں پنجاب اور پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے، مریم نواز

’’آسان کاروبار کارڈ سکیم‘‘ چھوٹے کاروباری افراد اور سٹارٹ اپس کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جس کے تحت 10 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس قرضے کی واپسی 3 سال میں آسان اقساط میں کی جا سکے گی۔ اس سکیم کے ذریعے کاروباری افراد خام مال کی خریداری، سرکاری فیس، ٹیکس، یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی اور 25 فیصد تک کیش نکالنے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔ اس اسکیم کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹال فری نمبر 1786 بھی فعال کیا گیا ہے تاکہ عوام کی رہنمائی کی جا سکے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ یہ سکیم نوجوانوں کو خود روزگار فراہم کرنے اور معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد تعلیم کے بعد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، اور اس پروگرام کے ذریعے برآمدات میں اضافے اور معیشت کی ترقی کی راہ ہموار کی جائے گی۔

Exit mobile version