اگلے پانچ سالوں میں پنجاب اور پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے، مریم نواز

آج 100 مستحق افراد کو اپنے گھروں کی خوشی ملی ہے اور انہیں یہ دیکھ کر اطمینان ہوا ، تقریب سے خطاب

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں پنجاب اور پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔

مسکن راوی کے منصوبے کے تحت مستحق افراد کو گھروں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آج 100 مستحق افراد کو اپنے گھروں کی خوشی ملی ہے اور انہیں یہ دیکھ کر اطمینان ہوا ہے۔ ان مستحق افراد کو نئے گھروں کی فراہمی پر دل سے خوشی محسوس ہوئی ہے اور جنہیں گھر ملا ہے، انہیں دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ گھروں میں سولر پینلز لگے ہوئے ہیں، ان 100 گھروں کے ساتھ ایک تعلیمی ادارہ بھی قائم کیا گیا ہے، اور ساتھ ہی واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی موجود ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ کسی کا حق کسی اور پر نہیں ڈالا جانا چاہیے جو اس کا حق دار نہ ہو، ایک خاتون نے سوال کیا کہ کیا یہ گھر واپس تو نہیں لیا جائے گا، جس پر انہوں نے تسلی دی کہ یہ گھر زندگی بھر آپ کے پاس رہیں گے اور آپ سے کوئی نہیں لے سکے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوازشریف نے اس ملک اور عوام کے لیے 45 سال گزارے ہیں، اور جب بھی ایٹمی طاقت، موٹروے یا بجلی کے منصوبوں کا ذکر آتا ہے، تو ان میں نوازشریف کا نام ضرور آتا ہے۔ ہر اہم منصوبہ میں نوازشریف کی مہر ثبت ہے اور میں ان کے ویژن کو عملی طور پر مکمل کر رہی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دنیا کی بہترین ہاؤسنگ سکیم ہے اور پنجاب میں 50 لاکھ خاندانوں کے پاس اپنا گھر نہیں۔ اس سال ایک لاکھ خاندانوں کو اپنا گھر فراہم کیا جائے گا اور 5 سالوں میں پانچ لاکھ خاندانوں کو اپنے گھر ملیں گے۔ پنجاب کے 37 اضلاع میں ہزاروں گھر بن رہے ہیں اور کچھ تعمیر ہو چکے ہیں، جبکہ باقی منصوبے بھی جلد مکمل ہو جائیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ سکیم اتنی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے کہ اس کی توقع نہیں کی جا سکتی تھی اور مزید ہزاروں گھر چند مہینوں میں مکمل ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ساڑھے 4 سال بعد یورپ کیلئے پی آئی اے کی فلائٹس بحال

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مستحق افراد کو زمین کے ٹکڑے مفت فراہم کیے جائیں گے اور 10 مرلہ کے پلاٹ والوں کو ایک لاکھ روپے تک قرضہ دیا جائے گا جس کی اقساط انتہائی آسان رکھی گئی ہیں۔ آپ نے 7 سال میں صرف 15 لاکھ روپے واپس کرنے ہیں اور ماہانہ قسط 14 ہزار روپے ہو گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 3 مرلہ کے پلاٹس بھی ہزاروں افراد کو دیے جائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ نوازشریف کے خوابوں کو عملی حقیقت بنانے کے لیے محنت کر رہی ہیں اور اس کے لیے پنجاب کے ڈی سی، کمشنرز اور پولیس کے لیے پرفارمنس انڈیکیٹرز بھی متعارف کرائے ہیں۔ عوام کا اعتماد اتنا زیادہ ہے کہ ایک لاکھ گھروں کے لیے 10 لاکھ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں، اور لوگ جانتے ہیں کہ جو سکیم نوازشریف شروع کرتے ہیں وہ پوری ہو کر رہتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ لاکھوں کسانوں کو کسان کارڈ اور 10 جانور رکھنے والوں کو لائیو سٹاک کارڈ دیا گیا ہے، اور ہم صحت کے شعبے میں بھی اصلاحات لارہے ہیں۔ پنجاب میں جدید کینسر علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، کلینکس آن ویل کی مدد سے علاج کی سہولت لوگوں کے گھروں تک پہنچ رہی ہے اور بچوں کی ہارٹ سرجریز کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پورے پاکستان کے کام آ رہا ہے، بلوچستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بچوں کی بھی ہارٹ سرجریز ہو رہی ہیں۔ پورے پنجاب میں صفائی کے نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں صفائی کا نظام مزید فعال ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 30 ہزار بچوں کو سکالرشپ دی گئی ہے اور یہ سکالرشپ میرٹ پر دی جا رہی ہے۔ اب تک کسی کو سفارش یا رشوت کے بغیر سکالرشپ نہیں دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ جلد بہاولپور بھی جائیں گی جہاں بچوں کو سکالرشپ دیں گی اور ان کا مقصد پنجاب کے ہر شہری کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں 400 سڑکیں بن رہی ہیں اور یہ صرف شروعات ہیں، اس کے علاوہ 25 الیکٹرک بسیں کراچی پورٹ پہنچ چکی ہیں اور پنجاب کے لیے 500 مزید بسیں آنے والی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ ہم نے روٹی کی قیمت 25 روپے سے کم کر کے 13 روپے کر دی ہے اور میری اپنی ٹیم سے مسلسل لڑائی جاری رہتی ہے کہ آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ ہو۔ یہ صرف آغاز ہے، اور اگر عوام نے ہمیں اسی طرح اعتماد دیا تو آئندہ پانچ سالوں میں پنجاب اور پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی۔

Exit mobile version