6 سیاروں کا نایاب نظارہ اس ہفتے آسمان پر نظر آئے گا

زہرہ، مشتری، زحل اور مریخ کو آپ بغیر دوربین کے اپنی کھلی آنکھوں سے سورج غروب ہونے کے بعد دیکھ سکتے ہیں

ایک نایاب اور دلکش خلائی منظر آپ کے منتظر ہے، جو سیاروں کو دیکھنے کے شوقین افراد کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوگا۔ 21 جنوری سے 25 جنوری کے دوران آپ آسمان پر ایک ساتھ 6 سیاروں کا مشاہدہ کر سکیں گے۔

ان میں سے زہرہ، مشتری، زحل اور مریخ کو آپ بغیر دوربین کے اپنی کھلی آنکھوں سے سورج غروب ہونے کے بعد دیکھ سکتے ہیں۔ البتہ نیپچون اور یورینس کو دیکھنے کے لیے دوربین کا استعمال ضروری ہوگا۔

زہرہ اور زحل ایک دوسرے کے انتہائی قریب دکھائی دیں گے، جس کی وجہ سے یہ منظر مزید دلکش ہوگا۔

سیاروں کی اس طرح کی ترتیب عام نہیں ہوتی، اور تمام سیاروں کو ایک ساتھ دیکھنے کا موقع ہر سال نہیں ملتا، اس لیے یہ پلانیٹ پریڈ خاص اہمیت رکھتی ہے۔

اگر آپ اس نایاب نظارے کا لطف اٹھانا چاہتے ہیں تو سورج غروب ہونے کے 45 منٹ بعد آسمان پر نظر ڈالیں۔ زہرہ اور زحل جنوب مغرب میں جگمگائیں گے، مشتری جنوب مشرق میں نظر آئے گا جبکہ مریخ مشرقی افق پر نمایاں ہوگا۔

یہ سیارے تقریباً 3 گھنٹے تک دیکھے جا سکیں گے، جس کے بعد زہرہ اور زحل مغرب میں غروب ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا افتتاح، آج سے باقاعدہ آپریشنل ہوگیا

سیاروں کے بہترین مشاہدے کے لیے شہروں کی روشنی سے دور کسی تاریک جگہ کا انتخاب کریں اور جنوب مشرقی افق پر نظریں جمائیں۔

زہرہ آسمان پر چاند کے بعد دوسرا سب سے روشن سیارہ ہے، اور اس کی روشنی زحل سے 110 گنا زیادہ ہوگی۔ زہرہ اور زحل حیران کن طور پر ایک دوسرے کے قریب ہوں گے، اور ان کا یہ نظارہ دوربین یا ننگی آنکھ سے بھی شاندار لگے گا۔

نیپچون کو دیکھنے کے لیے زہرہ اور زحل کے اوپر نظر ڈالیں جبکہ یورینس کو مشتری کے اوپر تلاش کیا جا سکتا ہے۔

مریخ اس وقت 2022 کے بعد اپنی سب سے زیادہ روشن حالت میں ہے، کیونکہ زمین اس وقت مریخ اور سورج کے درمیان موجود ہے، جس کی وجہ سے یہ سرخ سیارہ مشرق میں خاص طور پر جگمگاتا دکھائی دے گا۔

یہ منفرد خلائی نظارہ 31 جنوری کو مزید خاص ہو جائے گا جب چاند بھی ان سیاروں کے ساتھ شامل ہوگا اور زحل سے صرف ایک ڈگری کے فاصلے پر ہوگا۔ یکم فروری کو چاند زہرہ کے قریب آ جائے گا، جس سے آسمان پر ایک اور شاندار منظر تشکیل پائے گا۔

Exit mobile version